ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / بالا کرشنا نے لیا اڈپی ضلع ایس پی کا چارج

بالا کرشنا نے لیا اڈپی ضلع ایس پی کا چارج

Fri, 12 Aug 2016 23:22:06    S.O. News Service

اڈپی 12/اگست (ایس او نیوز)ضلع اڈپی کے سپرنٹنڈنٹ آف پولیس مسٹر اناّ ملائی کے تبادلے کے بعد اب نئے ضلع ایس پی کے بطورمسٹر کے ٹی بالاکرشنا نے چارج سنبھال لیا ہے۔ مسٹر بالاکرشنا 2006بیاچ کے آئی پی ایس افیسر ہیں۔اڈپی ضلع میں تعیناتی سے قبل وہ ضلع گدگ کے ایس پی کی حیثیت سے خدمات انجام دے رہے تھے۔

اپنے عہدے کا چارج لینے کے بعد مسٹر بالاکرشنا نے کہا کہ وہ سب سے پہلے وہ پولیس کی تعداد بڑھانے اور اسے طاقتوربنانے کی طرف توجہ دیں گے۔اس کے بعد وہ یہاں کے عوام کو سمجھنے اور پولیس کو عوام دوست بنانے کو ترجیح دیں گے تاکہ پولیس ڈپارٹمنٹ پر عوام کا اعتماد بحال کرکے ان کا دل جیت سکیں۔عوام کے جان ومال کی حفاظت بھائی چارگی اور امن وامان کی بحالی ان کی سب سے بڑی ترجیح ہوگی۔

بھاسکر شیٹی کیس کے سلسلے میں عوام کے اندرپولیس کے تعلق سے پائے جانے والے شکوک و شبہات کی طرف جب ان کا دھیان مبذول کروایا گیا تو انہوں نے کہا کہ عوام کو چاہیے کہ وہ پولیس پر پورا بھروسہ رکھیں۔ہم اس معاملے کی تحقیقات گہرائی سے کریں گے اور پوری طرح انصاف دلانے کا کام کریں گے۔ضلع میں بڑھتے ہوئے جرائم کے بارے میں جب ان سے پوچھا گیا تو انہوں نے کہا کہ جرائم کو جڑ سے ختم کرنا ممکن نہیں ہے۔ ہم ان پر روک تھام لگانے اور انہیں کم کرنے کی کوشش کرسکتے ہیں۔ اور اس کے لیے ہم ہر ممکنہ کوشش کریں گے۔ضلع پولیس محکمہ میں پولیس اہلکاروں کی کمی کے بارے میں پوچھنے پر انہوں نے کہا کہ کسی کام کو پورا نہ کرنے کے لئے کوئی بھی بہانہ نہیں ہوسکتا۔ جتنے بھی وسائل حاصل ہیں انہی کے بل بوتے پر اپنی ذمہ داریوں کو انجام دینا ہوتا ہے۔اسامیوں کی بھرتی کرنا حکومت کاکام ہے۔ اس میں دیر لگ سکتی ہے، مگر پولیس نفری کم ہوتب بھی ہمیں اپنا کام کرنا ہی ہے۔اخلاقی پولیس کے نام پر غنڈہ گردی کے موضوع پر انہوں نے کہا کہ ایسے لوگوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی جواخلاقی پولیس کا کردار ادا کریں گے یا قانون کو ہاتھ میں لینے کی کوشش کریں گے۔

بدنام زمانہ صندل اور ہاتھی دانت کے اسمگلر ویرپن کے ہاتھوں سابق وزیر ناگپا کے اغوا اور قتل کے معاملے میں ویرپن کے چار قریب ترین ساتھیوں کو گرفتار کرنے پرمسٹر بالاکرشنا کو 2003میں حکومت کی طرف سے میڈل سے نوازا گیا تھا۔ اس وقت وہ اے ایس پی کے عہدے پر فائز تھے۔ پھر ہندوستان کی آزادی کی گولڈن جوبلی تقریبات کے موقع پر بھی انہیں حکومت کی طرف سے میڈل سے نوازا گیا۔
 


Share: